حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الفاطمیہ سلام اللہ علیہا نواب شاہ سندھ میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے شعبۂ تحقیق کے اشتراک سے تین روزہ ورکشاپ بعنوانِ “فن و اصولِ تحقیق” کا انعقاد عمل میں لایا گیا؛ جس کا مقصد طالبات میں تحقیقی ذوق کی آبیاری، تحریری صلاحیتوں کی تربیت اور علمی معیار کو بہتر بنانا تھا۔

ورکشاپ کے دوران جونئیر طالبات کو مضمون نویسی، سوانح عمری، خلاصہ نویسی اور رپورٹ نویسی کے بنیادی اصولوں سے روشناس کروایا گیا؛ جبکہ سینئر طالبات کے لیے علمی مقالہ نویسی کے اصول، تحقیقی ساخت، حوالہ جات اور منہجِ تحقیق پر خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے۔
ورکشاپ کے عملی مراحل میں طالبات نے مختلف علمی تحریروں، تحقیقی مجلات اور معیاری تحریری نمونوں کا مطالعہ کیا۔
اس کے ساتھ مقررہ ضوابط کی روشنی میں انفرادی اور گروہی سطح پر عملی مشقیں بھی انجام دی گئیں، جن کا مقصد طالبات میں تحقیقی اعتماد اور عملی مہارت پیدا کرنا تھا۔
طالبات کو زبانی اظہارِ خیال کی تربیت کے لیے بعض دروس کے خلاصے زبانی طور پر پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔

کتب شناسی کی عملی تربیت کے لیے لائبریری کتب کو موضوعاتی بنیادوں پر از سرِ نو ترتیب دینے کا عملی کام بھی انجام دیا گیا۔
ورکشاپ کے تیسرے روز ایک علمی نشست بعنوانِ “تبلیغِ دین میں تحقیق کا کردار” منعقد ہوئی، جس سے ریسرچ اسکالر اور شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی نواب شاہ کی لیکچرار سیدہ فرخندہ بتول نے خطاب کیا۔
انہوں نے تحقیق کی اہمیت اور دینی تبلیغ میں اس کے کردار اور معلمات و مبلغات کے لیے تحقیقی صلاحیتوں کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اسی نشست کے ضمن میں طالبات کو ایک معیاری علمی نشست کے انعقاد کا طریقۂ کار بھی سکھایا گیا، جسے عملی طور پر کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ورکشاپ کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
ورکشاپ کے بارے میں اظہار خیال وتاثرات بیان کرتے ہوئے طالبات کا کہنا تھا کہ جامعۃ الفاطمیہ میں یہ ورکشاپ تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور طالبات کی علمی و فکری تربیت کے حوالے سے ایک اہم اور مؤثر اقدام ثابت ہوا۔
ورکشاپ کے انعقاد پر بانی و سرپرست جامعہ حجۃالاسلام سید اسد اقبال زیدی قمی نے جامعۃ المصطفٰی العالمیہ کے شعبۂ تحقیق کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کی تحقیقی وعلمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا۔










آپ کا تبصرہ